یوم شہدا ئے کشمیر آج ، بھارت فوجی محاصرہ ختم کرے ،صدر ، وزیراعظم

 یوم شہدا ئے کشمیر آج ، بھارت فوجی محاصرہ ختم کرے ،صدر ، وزیراعظم

پاکستان کشمیری بھائیوں کی جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا،پیغامات

 اسلام آباد (نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں ) یوم شہدائے کشمیر آج (13 جولائی کو) منایا جائے گا ،یہ دن 1931 میں ڈوگرہ راج کی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے 22 کشمیری مسلمانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے ۔ یہ دن اس وقت کی یاد دلاتا ہے جب مہاراجہ ہری سنگھ کے دور میں ریاست جموں و کشمیر کی مسلمان اکثریتی آبادی کو شدید معاشی استحصال اور مذہبی امتیاز کا سامنا تھا۔ یوم شہدا پر اپنے پیغامات میں صدر آصف علی زرداری اور وزیرا عظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت فوجی محاصرہ اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرے ، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مؤقف اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی برادری غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے ، بھارت جبر و استبداد فوری طور پر بند اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے ۔ صدرنے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مؤقف اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔و زیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر ہے جو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے ۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، سپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کشمیری عوام کی انصاف، وقار اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی ایک لازوال علامت ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے حصول کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں