دیامر ری پولنگ:آزاد امیدوار دلپذیر، پیپلز پارٹی کے محمد نسیم کامیاب
حلقہ 15(دیامرI)میں محمد دلپذیر نے 6 ہزار 33 ووٹ لئے ، ولی الرحمن کا دوسر ا نمبر 17(دیامرIII)میں محمد نسیم کو 7ہزار722 ووٹ ملے ،الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کریگا
گلگت (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)گلگت بلتستان میں ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے ۔ 15ون اور جی بی اے -17(دیامر-III)کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ ، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ 15(دیامر-I)میں آزاد امیدوار محمد دلپذیر 6 ہزار 33 ووٹ لے کر جبکہ حلقہ 17(دیامر-III)میں پیپلز پارٹی کے محمد نسیم 7ہزار722 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے ۔ 15ون اور جی بی اے ۔ 17 کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر اتوار کی صبح 8 بجے سے شام 5بجے تک دوبارہ پولنگ ہوئی ، انتہائی حساس اور حساس قرار دیئے گئے پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک آرمی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات تھے ۔غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حلقہ جی بی اے ۔ 15 کے ری پولنگ والے مخصوص خواتین کے پولنگ سٹیشن (لوشی ٹھاک)پر ن لیگ کے امیدوار انجینئر عبدالواجد نے سب سے زیادہ (191)ووٹ،جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مفتی ولی الرحمٰن نے 143، آزاد امیدوار محمد دلپذیر نے 114 ووٹ حاصل کئے تاہم پیپلز پارٹی کے بشیر احمد کو ایک بھی ووٹ نہ مل سکا۔ مجموعی حلقے کے حتمی نتائج میں محمد دلپذیرکی برتری برقرار رہی اور انہیں 6 ہزار 33 ووٹوں کیساتھ کامیاب قرار دیدیا گیا جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مفتی ولی الرحمٰن 4ہزار639 ووٹوں کے ساتھ دوسرے ، پیپلز پارٹی کے بشیر احمد 4ہزار109 ووٹوں کے ساتھ تیسرے ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے انجینئر عبد الواجد 3ہزار271 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ۔دوسری طرف جی بی اے 17(دیامر-III)کے 8مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ کے نتیجہ میں پیپلز پارٹی کے محمد نسیم کامیاب قرار پائے ، انہیں مجموعی طور پر 7ہزار722 ووٹ ملے ۔جے یو آئی (ف)کے امیدوار رحمت خالق4ہزار647ووٹوں کیساتھ دوسرے ،آزاد امیدوار عبد الکریم 3ہزار909ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ۔نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کرے گا۔