57 ایس پی پی ایس افسران کی کارکردگی کاتھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ
وزارت خزانہ کے 14افسر سالانہ ساڑھے 10کروڑ سے زائد تنخواہیں وصول کر رہے 10 وزارتوں میں تعینات افسران کے کنٹریکٹس کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر برقرار رہیں گے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 10 وفاقی وزارتوں میں سپیشل پروفیشنل پے اسکیل (ایس پی پی ایس) کے تحت تعینات 57 افسران کی کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کے ذریعے ایس پی پی ایس کے تحت تعینات افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور اسی بنیاد پر ان کے کنٹریکٹس جاری رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق آڈٹ کے بعد مذکورہ افسران کی تعداد میں کمی یا اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔دس وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں مجموعی طور پر 57 افسران ایس پی پی ایس کے تحت تعینات ہیں۔ وزارت خزانہ میں سب سے زیادہ 14 افسران ایس پی پی ایس کے تحت تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-I کے 4، ایس پی پی ایس-II کے 6، ایس پی پی ایس-III کے 3 اور ایس پی پی ایس-IV کا ایک افسر شامل ہے ۔ یہ افسران مجموعی طور پر ماہانہ 90 لاکھ روپے سے زائد جبکہ سالانہ ساڑھے 10 کروڑ روپے سے زائد تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔وزارت تجارت میں 2 افسران تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-II کا ایک اور ایس پی پی ایس-III کا ایک افسر شامل ہے۔ وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) میں 6 افسران تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-II کے 3 اور ایس پی پی ایس-IV کے 3 افسر شامل ہیں۔
وزارت صنعت میں ایک افسر ایس پی پی ایس-IV کے تحت تعینات ہے جبکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 2 افسر ایس پی پی ایس-IV کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وزارت قانون میں ایک افسر ایس پی پی ایس-I کے تحت تعینات ہے ۔وزارت منصوبہ بندی میں مجموعی طور پر 16 افسران تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-I کے 6 اور ایس پی پی ایس-III کے 10 افسر شامل ہیں جو تمام وزارتوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے ۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں 7 افسران تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-III کے 4 اور ایس پی پی ایس-IV کے 3 افسر شامل ہیں۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق میں 6 افسران تعینات ہیں جن میں ایس پی پی ایس-I کا ایک، ایس پی پی ایس-II کے 2، ایس پی پی ایس-III کے 2 اور ایس پی پی ایس-IV کا ایک افسر شامل ہے ۔وزارت وفاقی تعلیم (نیوٹیک) میں 2 افسران تعینات ہیں جن میں دونوں ایس پی پی ایس-II کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مذکورہ 10 وفاقی وزارتوں میں ایس پی پی ایس-I کی 12، ایس پی پی ایس-II کی 14، ایس پی پی ایس-III کی 20 اور ایس پی پی ایس-IV کی 11 اسامیوں پر مجموعی طور پر 57 افسران تعینات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments