پمپ اونرز،پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی
پٹرولیم پالیسی مسترد ،مسائل کا بوجھ پمپ مالکان پر نہ ڈالا جائے :نعمان بٹ ڈی ریگولیشن کا طریقہ کار کیا ہوگا،حکومت ہمیں اعتماد میں لے :عرفان الٰہی
اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے نئی پٹرولیم پرائس ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دیدی۔پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا کہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال پر غور کریں گے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے ، مسائل کا بوجھ پٹرول پمپ مالکان پر نہ ڈالا جائے ، او ایم سیز کے ساتھ ریٹ طے کرنے سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ، ملک بھر کے تقریباً 15 ہزار پٹرول پمپ مالکان شدید تحفظات کا شکار ہیں۔نعمان علی بٹ نے کہا کہ نئی پالیسی سے آئل ٹینکرز، ٹرانسپورٹیشن اور قیمتوں کے تعین کا نظام متاثر ہوگا، حکومت یک طرفہ فیصلوں کے بجائے پٹرول پمپ مالکان سے مشاورت کرے ۔ ادھر پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین چودھری عرفان الٰہی نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کے آپشن پر غور کیا جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نئی پالیسی کے حوالے سے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لے اور واضح کرے کہ مجوزہ ڈی ریگولیشن کا طریقہ کار اور میکنزم کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے ساتھ نرخوں کے تعین سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے ضروری ہے ، کیونکہ یکطرفہ فیصلے نہ صرف پٹرول پمپ مالکان بلکہ پورے پٹرولیم سیکٹر کیلئے مشکلات پیدا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments