وانا میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام، بارود سے بھری گاڑی تباہ، ایک خارجی ہلاک، 5 زخمی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے وانا میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی، ایک خارجی ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ایک بڑی ممکنہ تباہی سے بچا لیا، جبکہ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کےعلاقے وانا (غواخوا) میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی ممکنہ بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔
ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی کی مسلسل تین دن نگرانی کی اور آبادی سے دور جانے پر ہی اسے نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوگئی، ایک خارجی جہنم واصل جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
دہشت گردی کے خلاف یہ کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments