مضبوط دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر ینگے : شہباز شریف

مضبوط دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر ینگے : شہباز شریف

روبوٹکس اور خودکار نظام کی ترقی کیلئے 2کروڑ ڈالر کے پاکستان وینچر فنڈ کا اعلان دوسروں کی ٹیکنالوجی کے محتاج نہیں،اپنی تقدیر خود لکھیں گے :وزیراعظم کاخطاب تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور دیگر نے بھی شرکت کی

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اپنا نے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے روبوٹکس اور خودکار نظام کی ترقی کے لئے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز اور2کروڑ ڈالر کا پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقر یب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانو مس سسٹمز ایکسپو میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے ، میرے بچپن میں ٹیکنالوجی کی جدت بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن کی آمد تھی اور خاندان کے تمام افراد’’اچے برج لاہور دے ‘‘ جیسی پاکستان ٹیلی ویژن کی کلاسک نشریات مل کر دیکھتے تھے لیکن آج دنیا ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت آگے بڑھ گئی ہے، زرعی پیداوار کے لیے پانی اور دیگر بنیادی عوامل کی ضرورت،موسمیاتی تبدیلی اور دیگر چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، آج مشینیں محسوس کر کے تیزی سے فیصلے اور ان پر عمل درآمد کرتی ہیں، جو کبھی خواب لگتا تھا آج حقیقت بن کر ہمارے سامنے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فخریہ طور پر کہتا ہوں کہ پاکستان نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں ملکی صلاحیتیں بڑھانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ،فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی،سیمولیٹرز سو فیصد پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں،ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی گئی ہے ،معرکہ حق میں مسلح افواج نے جدید آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا،معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابراور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی معاونت شاندار رہی ،دفاعی شعبے میں شاندار کامیابیاں مادر وطن کے قومی دفاع کا لازمی جزو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا،وزیراعظم نے پاکستان میں روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کی ترقی کے لئے سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ۔وزیراعظم نے 2کروڑ ڈالر کا پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اورکہا کہ تحقیق کو عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور اعلیٰ روزگار میں بدلیں گے ،دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی کے محتاج نہیں بلکہ اپنی تقدیر خود لکھیں گے انتھک محنت سے آئندہ نسلوں کے لئے روشن اور خوشحال پاکستان بنائیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انڈس راس ایکسپو 2025 پاکستان میں روبوٹکس اور آٹومیشن کا قومی ایونٹ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...