آزاد کشمیر الیکشن ایک ہی روز کرائے جائیں:سردار یعقوب
ایسے حالات میں مرحلہ وار انتخابات سے مختلف قیاس آرائیاں جنم لیں گی انٹرنیٹ دیگر سہولیات بحال کی جائیں ،مولانا سعید یوسف کے ساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار یعقوب نے مطالبہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تمام انتخابات ایک ہی روز کرائے جائیں تاکہ کسی قسم کے تنازع، غلط فہمی یا سیاسی اثر و رسوخ کا تاثر پیدا نہ ہو،آزاد کشمیر پاکستان کا بیس کیمپ ہے اور کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جے یو آئی کے رہنماء مولانا سعید یوسف و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہ انتخابات کے طریقہ کار پر غیر ضروری تنازعات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
ا نہوں نے کہا اگر پاکستان میں مقیم مہاجرینِ جموں و کشمیر کی نشستوں پر انتخابات پہلے ہوں گے تو اس سے مختلف قیاس آرائیاں جنم لیں گی، اس لئے بہتر یہی ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام نشستوں پر ایک ساتھ پولنگ کرائی جائے ،آئین میں بھی ایسے حالات کے مطابق گنجائش موجود ہے تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ہے کہ ریاست کے عوام کو ایک ہی وقت میں اپنی رائے کے اظہار کا حق ملنا چا ہئے ،انٹرنیٹ دیگر مواصلاتی سہولیات بھی بحال کی جائیں ،پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے زور دیا کہ انتخابات شفاف، منصفانہ تمام فریقوں کے لئے قابلِ قبول ہونے چاہئیں تاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی کو فروغ مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments