ڈار کی منیلا میں اہم ملاقاتیں علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (ARF) وزارتی اجلاس کے موقع پر اہم سفارتی سرگرمیوں کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے اعلیٰ حکام۔۔۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الر حمن سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی روابط اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اے ڈی بی ہیڈکوارٹرز میں بینک کے نائب صدور، ڈائریکٹر جنرلز اور پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے ، علاقائی روابط اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اے ڈی بی کی معاونت کو سراہتے ہوئے مین لائن ون (ML-1) ریلوے منصوبے کو حکومت کی ترجیح قرار دیا اور اس منصوبے کی جلد منظوری اور عملدرآمد کے لئے قرضوں کے کنسورشیم میں اے ڈی بی کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔
اے ڈی بی حکام نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور ایم ایل ون کو ریلوے کی جدیدکاری اور اقتصادی ترقی کے لئے اہم منصوبہ قرار دیا۔ آسیان ریجنل فورم کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے تعلقات، تجارت، توانائی، کنیکٹیویٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون، اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل اور علاقائی و عالمی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے نومنتخب صدر خلیل الر حمن سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال ہونے والے اعلیٰ سطح دوروں، عوامی روابط میں اضافے اور رواں سال براہِ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔قبل ازیں نائب وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ منیلا پہنچے جہاں فلپائن کی وزارت خارجہ کے حکام اور فلپائن میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر عاصمہ ربانی نے ان کا استقبال کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار آسیان ریجنل فورم کے مکمل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے ساتھ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ فورم میں پاکستان کی شرکت ایشیا بحرالکاہل خطے میں امن، استحکام، سفارتی روابط اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments