فٹبال نظام بوسیدہ ہو چکا،انفنٹینو مستعفی ہوں:صدر لالیگا
فٹبال نظام بوسیدہ ہو چکا،انفنٹینو مستعفی ہوں:صدر لالیگا مقابلوں میں مسلسل توسیع کرکے فٹبال کی صنعت کو تباہ کیا جا رہا ہے ،خاویر تیباس
میڈرڈ (سپورٹس ڈیسک)ہسپانوی فٹبال لیگ کے صدر خاویر تیباس نے فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل توسیع کرکے فٹبال کی صنعت کو تباہ کر رہے ہیں۔ انٹرویو میں خاویر تیباس نے کہا کہ 2030 کے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 64 کرنے کی تجویز بے معنی ہے ، ورلڈ کپ اہم ایونٹ ضرور ہے لیکن پوری فٹبال دنیا صرف اسی کے گرد نہیں گھوم سکتی۔انہوں نے کہا کہ انفنٹینو کا وقت ختم ہو چکا ہے تاہم انہیں فیفا کے نظام اور رکن فیڈریشنز کی حمایت حاصل ہے ، اسی لیے ان کے خلاف کوئی مضبوط امیدوار سامنے نہیں آتا۔تیباس نے دعویٰ کیا کہ بہت سے لوگ انفنٹینو کے مخالف ہیں لیکن خاموش رہ کر فٹبال کو پہنچنے والے نقصان میں شریک بنے ہوئے ہیں۔لالیگا کے صدر نے کہا کہ قومی لیگز ہی فٹبال کی بنیاد ہیں مگر فیفا صرف 40 روزہ ورلڈ کپ کے لیے ایسی پالیسیاں بنا رہا ہے جو ہزاروں ملازمتوں سے وابستہ فٹبال کی مجموعی صنعت کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔انہوں نے پانی پینے کے وقفوں اور فائنل میں روایتی 15 منٹ کے بجائے 27 منٹ کے وقفے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ لالیگا صدر کے مطابق کئی سٹیڈیم جدید ٹھنڈک کے نظام سے لیس تھے اس لیے اضافی وقفے صرف اشتہارات اور تجارتی مفادات کے لیے رکھے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments