سری لنکا سے سیریز کا وینیو تبدیل، فاطمہ بہترین نتائج کیلئے پر عزم
ٹی ٹونٹی سیریز اب ہمبنٹوٹا کے بجائے دمبولا میں کھیلی جائے گی،تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ون ڈے سیریز کا شیڈول برقرار پوری ٹیم کا ہدف مثبت،جارحانہ کرکٹ کھیلنا،ماضی کی سیریز میں ہونیوالی غلطیوں سے سبق سیکھا گیا ہے ،قومی کپتان کی میڈیا سے گفتگو
دمبولا(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے وینیو میں جزوی رد و بدل کیا گیا ہے ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز اب ہمبنٹوٹا کے بجائے دمبولا میں کھیلی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق سیریز کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3ٹی ٹونٹی میچز 31جولائی، 2اگست اور 4اگست کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے سیریز کا شیڈول برقرار رہے گا۔ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز کے حوالے سے پرامید ہیں اور پوری ٹیم کا ہدف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہوئے بہترین نتائج حاصل کرنا ہے ۔
اپنے ایک انٹرویو میں فاطمہ ثنا نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ٹیم کو بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا اور کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقااور زمبابوے کے خلاف گزشتہ سیریز کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی سیریز میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھا گیا ہے اور پوری کوشش ہے کہ انہیں دوبارہ نہ دہرایا جائے ۔قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ ون ڈے سکواڈ کو جلد از جلد مضبوط اور متوازن بنانے پر کام کر رہی ہے ، اسی لیے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج تشکیل دیا جا رہا ہے ۔ ٹیم کا مقصد زیادہ سے زیادہ میچ ونر کھلاڑی تیار کرنا ہے ، کیونکہ جتنے زیادہ میچ ونرز ہوں گے ، ٹیم اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم مثبت، جارحانہ اور بے خوف کرکٹ کھیلے گی کیونکہ مستقبل میں بڑی ٹیموں کے خلاف اہم مقابلے درپیش ہیں۔فاطمہ ثنا نے کہا کہ موجودہ دور کی عالمی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلنا ناگزیر ہے ، اس لیے ٹیم کو اپنی خامیوں اور غلطیوں پر جلد از جلد قابو پانا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments