کویت کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے، سٹرٹیجک سٹوریج کی تعمیر پر غور کیا جائیگا

کویت کے وزیر خارجہ آج پاکستان پہنچیں گے، سٹرٹیجک سٹوریج کی تعمیر پر غور کیا جائیگا

اسحاق ڈار کی دعوت پرشیخ جراح جابر الاحمد الصباح دو روزہ سرکاری دورہ کرینگے ، وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں ہونگی:ترجمان دفترخارجہ،ریفائننگ سیکٹر میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کا امکان

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح آج دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان طاہر اندرابی نے بتایاکہ یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ دورے کے موقع پر اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کویت کے وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے ۔ پاکستان اور کویت کی شراکت داری دہائیوں پر محیط ہے ۔ پاکستان گزشتہ پچاس سال سے زائد عرصے سے کویت سے پٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے ۔ پاکستان کویت سے خاص طور پر ڈیزل اور جیٹ فیول منگواتا ہے۔

حالیہ ایران، امریکہ کشیدگی کے دوران بھی کویت نے پاکستان کو فیول کی سپلائی جاری رکھی، جبکہ پاکستان نے اس دوران اشیائے خوردونوش کی 40 آئٹمز کی سپلائی بھی کویت کو یقینی بنائی۔ جب آبنائے ہرمز بند تھی تو ہوائی راستے کے ذریعے ان اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے آبنائے ہرمز کی بندش کے دوران پاکستان میں موجود کویت کے سفیر سے کئی ملاقاتیں کیں اور خصوصی سہولت کاری کے تحت ایندھن کی ترسیل ممکن ہوئی۔ حالیہ دورے کے دوران توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان نئی شراکت داری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے ۔ پاکستان میں کویت کی جانب سے سٹریٹجک سٹوریج تعمیر کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا، جبکہ ریفائننگ سیکٹر میں تعاون اور مشترکہ منصوبوں پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...