مہنگائی کیخلاف کل خواتین مارچ، 7 اگست کو ملک گیر احتجاج ہوگا : حافظ نعیم
محسن نقوی کا حالیہ بیان موجودہ نظام کی ناکامی کا اعتراف ، نافذ کرنیوالے بھی ناکام ہو چکے :امیرجماعت اسلامی سب آئینی پوزیشن پر چلے جائیں،سسٹم ٹھیک ہو جائیگا، آزاد کشمیر میں مسائل کا حل مذاکرات :پریس کانفرنس
کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،این این آئی،آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ محسن نقوی نے موجودہ نظام کی ناکامی کا اعتراف کر کے تسلیم کر لیا کہ فارم 47کے ذریعے مسلط ہونے اور کرنے والے دونوں ناکام ہو چکے ، ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ سب اپنی اپنی آئینی پوزیشن پر چلے جائیں سسٹم خود بخود ٹھیک ہو جائے گا، حکومت کی معاشی پالیسیوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کل 3اگست کو خواتین مارچ ، 7اگست کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2015سے بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے ، کراچی میں جماعت اسلامی کا میئر بننے کا راستہ روکا گیا، پیپلز پارٹی خود فارم47کی پیداوار ہے ، بلاول بھٹو کراچی سے ملنے والی 7نشستوں کے فارم 45دکھائیں، جن کو 17نشستیں نہیں ملیں ان کو پورا ملک دے دیا گیا، رجیم چینج کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، ضروری ہے کہ ملک میں متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیں، سیاسی قیدیوں کو رہا اور فوج سمیت تمام حکمران طبقہ اپنی غیر ضروری مراعات سے دستبردار ہو، پٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت پورے ملک میں 7اگست کو احتجاج اور سڑکیں بند کی جائیں گی، 3اگست کو شاہراہ قائدین پر خواتین کا احتجاجی مارچ ہوگا، آج دو اگست کو بھی نوجوان احتجاج کے لیے نکلیں گے اور 7اگست کے احتجاج کی تیاری کریں گے ، عوام اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کر کے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے ۔
حافظ نعیم نے بلوچستان میں 35 کان کنوں کی شہادت پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا حکومت نے آزادکشمیر میں معاملات بگاڑ دیئے ہیں،مذاکرات کے ذریعے اگر مسئلہ حل کرلیا جاتا تو صورتحال اتنی خراب نہ ہوتی ، آزاد کشمیر میں اب بھی مسائل کے حل کا راستہ مذاکرات ہیں، حکمرانوں کا لہجہ پاکستان کوزخمی کررہا ہے ،یہ طرز حکمرانی چھوڑنا پڑے گا ، پورے خطے میں کرنسی کے حساب سے پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگا پٹرول فروخت ہورہاہے ، لیوی عوام کے ساتھ انتہائی ظلم اور حکومتی بھتہ ٹیکس ہے ، جب پٹرول کی قیمت بڑھتی ہے توتمام اشیا کی قیمتوں کو آگ لگ جاتی ہے ،ایف بی آر کرپشن کا گڑھ بن چکا ، حکمرانوں کی اپنی عیاشیاں ختم نہیں ہورہیں ،عوام پر سارا بوجھ ڈالا ہوا ہے ، ایسے نااہل حکمران مسلط کر دیئے گئے جو کوئی بھی مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments