7 اگست احتجاج:کسان بورڈ کی حمایت،تنظیموں کو شرکت کی دعوت
پٹرول مہنگا ہونے سے کاشتکاری شدید متاثر، حکومت کسان دشمن پالیسیاں ترک کرے گندم بحران کی ذمہ دار حکومت، ہر فصل کی پیشگی امدادی قیمت مقرر کی جائے :سردار ظفر
لاہور (کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر) کسان بورڈ پاکستان کے صدر سردار ظفر حسین نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر عائد لیوی ٹیکس کے خاتمے کے لیے 7 اگست کو ملک بھر میں سڑکیں بند کرنے کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے تمام کسان تنظیموں سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے ۔منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے کسان ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش اور اضطراب کا شکار ہیں۔ ڈیزل مہنگا ہونے سے زرعی مشینری کے استعمال کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی ہے ، جس سے کاشتکاری مزید مہنگی ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان بورڈ پاکستان نے حکومت سے پہلے ہی مطالبہ کیا تھا کہ گندم کی امدادی قیمت کا بروقت اعلان کیا جائے ، تاہم حکومت نے گندم کی فی من قیمت 3 ہزار 900 روپے مقرر کرنے کا اعلان واپس لے لیا، جس سے زراعت اور کاشتکاروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا، کسان دشمن پالیسیوں کے باعث اس سال گندم کم رقبے پر کاشت کی گئی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ گندم کے بحران کے ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہیں۔ پاکستان جیسے زرعی ملک کا بیرون ملک سے گندم درآمد کرنا باعثِ افسوس ہے اور اس کی ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر فصل کی کاشت سے قبل اس کی امدادی قیمت مقرر کی جائے تاکہ کسان اطمینان کے ساتھ کاشتکاری کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments