پاک ایران تعلقات دماوند ،کے ٹو کی طرح مضبوط:ایرانی سفیر
برادرانہ تعلقات تاریخ، مذہب ، مشترکہ ثقافتی ورثے پر استوار :رضا امیری ایران کی حمایت میں پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد تعلقات کی گہرائی کا ثبوت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخ، تہذیب، مذہب اور مشترکہ ثقافتی ورثے پر استوار ہیں اور آج یہ تعلقات دماوند اور کے ٹو کی بلند ترین چوٹیوں کی طرح مضبوط اور ناقابلِ متزلزل ہو چکے ہیں۔ایکس پر جاری اپنے ایک تفصیلی پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تاریخی تعلقات نے وقت کی ہر آزمائش کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، جبکہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے ایران کو تسلیم کیا، جو دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کا مظہر ہے ۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ گزشتہ 2برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں مضبوطی آئی ہے ، جس کی تمام جہتوں کا احاطہ ایک بیان میں ممکن نہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے ارکان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ایرانی سفیر نے اسرائیلی جارحیت کے پہلے روز ایران کی حمایت میں پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد کو دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی پارلیمنٹ میں صدر کی موجودگی میں ارکان نے ‘‘پاکستان تشکر’’ کے نعرے لگائے ، جبکہ ایران کے عوام نے بھی سڑکوں پر ایران اور پاکستان کے پرچم ایک ساتھ لہرا کر پاکستانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments