عوام 5 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں:سلمان اکرم راجہ

عوام 5 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں:سلمان اکرم راجہ

کے پی ، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت عوام اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے گھروں سے باہر نکلیں ،حلیم عادل شیخ

کراچی (آئی این پی، این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 5 اگست کو بانی کی ناحق قید کے تین سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے بھرپور انداز میں احتجاج میں شریک ہوں اور آئین، جمہوریت اور عوامی حاکمیت کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن عناصر نے جمہوریت، آئین اور عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچایا، انصاف کا قتل کیا اور عوام کے ووٹ کی توہین کی انہیں عوام کے سامنے جوابدہ ہونا  ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کمزور سمجھنے اور ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی سوچ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کا استعمال کریں اور پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی اور 5 اگست کو ہر سطح پر بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ دوسری جانب اتوار کو کراچی کے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم کے دوران حلیم عادل شیخ نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ احتجاجی پمفلٹس تقسیم کیے اور شہریوں سے 5 اگست کو احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کے وہ اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے گھروں سے نکل کر احتجاج میں شریک ہوں۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی جھوٹے وعدوں اور پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، تاہم عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور حقیقی عوامی نمائندوں کو آگے لانے کا وقت آ گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...