فیلڈ مارشل کو مون سون آفات سے نمٹنے پر بریفنگ
افواج قدرتی آفات کے دوران ریسکیو ،بحالی میں تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار:عاصم منیر اداروں کے درمیان ہم آہنگی اوربروقت فیصلے انتہائی اہم،این ای او سی کے دورہ پر گفتگو
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل تیاری، اداروں کے درمیان مربوط تعاون اور بروقت کارروائی ناگزیر ہے جبکہ مسلح افواج سول انتظامیہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ساتھ امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز(سی ڈی ایف )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر (این ای او سی)کا دورہ کیا جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے تناظر میں ملک بھر میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں، ممکنہ خطرات اور مربوط ردعمل کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس سسٹم اور ’’ڈیزاسٹر لینز 2026‘‘کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ نظام کے ذریعے مون سون کی موجودہ صورتحال، مختلف قدرتی خطرات کی مسلسل نگرانی اور بروقت پیشگی انتباہی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ آفت کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے این ڈی ایم اے کی قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مربوط نظام کو مزید موثر بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور قومی تنصیبات کی حفاظت کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ، ہم آہنگی اور بروقت فیصلے انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ہر قدرتی آفت اور ہنگامی صورتحال میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments