سرکاری گندم کی ریلیز پرائس 3ہزار 800روپے فی من مقرر

سرکاری گندم کی ریلیز پرائس 3ہزار 800روپے فی من مقرر

پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا فیصلے کا اطلاق حکومتی مقرر کردہ ایگریگیٹرز کے پاس موجود گندم پر بھی ہوگا

لاہور (محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے پاسکو سے حاصل کردہ اور حکومتی ایگریگیٹرز کے پاس موجود گندم کی ریلیز پرائس 3 ہزار 800 روپے فی من (40 کلوگرام)مقرر کر دی، پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ۔ سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کی نئی ریلیز پرائس پنجاب فوڈ سیفٹی کنٹرول ایکٹ 1958 کے تحت مقرر کی گئی ہے ، اس فیصلے کا اطلاق پاسکو سے حاصل گندم کے ساتھ ساتھ حکومت کے مقرر کردہ ایگریگیٹرز کے پاس موجود گندم پر بھی ہوگا۔ محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ سرکاری اداروں کو نئی قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔ نوٹیفکیشن پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سمیت گندم کی فراہمی اور آٹے کی تیاری سے منسلک تمام متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دیا گیا ۔ حکومتی ذرائع کے مطابق گندم کی ریلیز پرائس مقرر کرنے کا مقصد فلور ملز کو سرکاری اور دستیاب ذخائر سے گندم کی فراہمی کا طریقہ کار واضح کرنا اور صوبے میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ گندم کے اجرا، ترسیل اور مقررہ قیمت پر فروخت کے عمل کی نگرانی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...