وفاقی ملازمین کے24-2023کے ایڈہاک الاؤنسز منجمد
نئے وفاقی ملازمین کو بھی ایڈہاک ریلیف الاؤنس بنیادی پے سکیل 2022 کے مطابق ملے گا خصوصی تنخواہیں اور دیگر متعلقہ الاؤنسز بھی تیس جون 2026 کی سطح پر منجمد رہیں گے
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے بنیادی پے سکیل 2026 کے نفاذ کے بعد ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 اور 2024 کے حوالے سے نئی پالیسی ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی ملازمین کو ملنے والی خصوصی تنخواہیں، خصوصی الاؤنسز اور بنیادی تنخواہ سے منسلک دیگر الاؤنسز 30 جون 2026 کی سطح پر منجمد رہیں گے ۔وزارت کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 کو 30 جون 2023 کی سطح پر منجمد رکھا گیا ہے تاہم یکم جولائی 2026 سے وفاقی حکومت میں نئی بھرتی ہونے والے ملازمین بھی اس الاؤنس کے مستحق ہوں گے ۔ یہ الاؤنس بنیادی پے سکیل 2022 کی کم از کم بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر ادا کیا جائے گا۔ اس کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کو 30 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 دیا جائے گاجو آئندہ احکامات تک اسی شرح پر منجمد رہے گا۔وزارتِ خزانہ نے مزید بتایا کہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 بھی بنیادی پے سکیل 2022 کی بنیاد پر ادا کیا جائے گا۔ اس کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 25 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کو 20 فیصد الاؤنس ملے گا۔ یہ الاؤنس بھی 30 جون 2026 کی سطح پر منجمد رہے گا۔یکم جولائی 2026 سے وفاقی حکومت میں نئی تقرری پانے والے ملازمین کو بھی ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 بنیادی پے اسکیل 2022 کی کم از کم بنیادی تنخواہ کے مطابق دیا جائے گا۔ نئے ملازمین کے لیے بھی گریڈ 1 سے 16 تک 25 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 تک 20 فیصد الاؤنس مقرر کیا گیا ہے ، جو آئندہ احکامات تک اسی سطح پر برقرار اور منجمد رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments