دہشتگردی کیخلاف پاک امریکا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

دہشتگردی کیخلاف پاک امریکا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

واشنگٹن میں انسدادِ دہشت گردی مکالمے کا چو تھا دور ،سکیورٹی ، سرحدی سلامتی دیگر امورپر تبادلہ خیال شدت پسند نیٹ ورکس کے خاتمے ،خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

 واشنگٹن ، اسلام آباد (اے پی پی، دنیا نیوز )امریکا اور پاکستان کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور واشنگٹن میں ہوا ، جس میں دہشت گردی کے خلاف پاک امریکا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت انسدادِ دہشت گردی کے لئے امریکی کوآرڈی نیٹر گریگوری لوگرفو نے جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے سپیشل سیکرٹری نبیل منیر نے کی۔

مذاکرات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں شراکت داری سے متعلق مشترکہ مفادات اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، وفود نے موجودہ دہشت گردی کے خطرات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، باہمی تعاون کو مزید موثر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا، سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

طرفین نے اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان دہشت گرد تنظیموں کا بھرپور مقابلہ کریں گے جو دونوں ممالک کے شہریوں کی سلامتی اور خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں جن میں داعش خراسان، القاعدہ، تحریکِ طالبان پاکستان، بلوچستان لبریشن آرمی اور اس سے وابستہ گروہ شامل ہیں۔ دونوں حکومتوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لئے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گی جو خطے میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ ویژن کا بھی حصہ ہے۔

دفتر خارجہ کے اعلا میہ میں میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے موجودہ سکیورٹی خطرات، باہمی تعاون بڑھانے کے امکانات، سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے اور شدت پسندوں کے معاون نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا ،پاکستان اور امریکا نے خطے میں امن، خوشحالی کیلئے انسداد دہشت گردی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ، شدت پسند نیٹ ورکس کے خاتمے ،خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...