جعلی امریکی گرین کارڈ پرسعودی ویزالینے والاایئرپورٹ پرپکڑاگیا
پشاورکے رہائشی مسافر نے سعودی سیاحتی ویزا کیلئے ایجنٹ کو2لاکھ 20ہزاردیئے
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پشاور میں مقیم ایک مسافر کو سعودی عرب جانے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا کیونکہ اس نے مبینہ طور پر جعلی امریکی مستقل رہائشی کارڈ کی بنیاد پر سعودی سیاحتی ویزا حاصل کیا تھا۔ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ پشاور ضلع کا رہائشی مسافر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے ) کی پرواز PK-841 پر سعودی عرب جانے کی کوشش کے دوران سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران روکا گیا،اہلکار نے کہا کہ اس کی سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مسافر نے مبینہ طور پر جعلی امریکی مستقل رہائشی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی رہائشی حیثیت کو غلط بیان کر کے سعودی سیاحتی ویزا حاصل کیا تھا۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران، مسافر نے انکشاف کیا کہ میں نے ویزے کا بندوبست کرنے کے لیے حسین نامی ایجنٹ کو 2لاکھ 20ہزار روپے ادا کیے تھے ،اہلکار نے بتایا کہ مسافر کو آف لوڈ کر تے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ایجنٹ کے کردار کا پتہ لگانے اور اس بات کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے کہ وہ جعلی سفری دستاویزات کے بندوبست میں ملوث تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments