سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں 17 اگست سے لی جا ئینگی
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،دنیا نیوز )وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حج 2027 کے پورے عمل کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے چند منٹ میں درخواست اور ادائیگی کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ڈیجیٹل نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفر اور اضافی اخراجات سے بچانا ہے ۔سرکاری حج سکیم 2027 کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 40 روزہ لانگ حج سکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے ۔ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب حج پیکیج کی 50 فیصد رقم پہلی قسط میں جمع کرانا لازمی ہوگی۔سردار یوسف نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
حبیب بینک کے نمائندے اسد خان نے کہا حبیب بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد برانچز کے ذریعے عازمین کو خدمات فراہم کرے گا اور کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کیے جا ئیں گے ۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا سرکاری لانگ حج سکیم کے لیے 12لاکھ، شارٹ حج کے لیے 13لاکھ روپے جمع کرانا ہونگے جبکہ پہلی قسط چھ لاکھ روپے جمع کراناہوگی ۔ جو افراد اس سال رہ جائیں گے انہیں اگلے سال کی ویٹنگ لسٹ میں شامل کر لیا جائے گا۔ دوسری قسط ستمبر کے پہلے ہفتے یا اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔ ادائیگی کریڈٹ کارڈ، ون لنک یا پی ایس آئی ڈی کے ذریعے ہوگی ، چالان فارم پرنٹ کر کے نقد رقم بھی جمع کروائی جا سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments