مذاکرات ناکام ،پٹرولیم ڈیلرز ہڑتال کے فیصلے پر قائم
مذاکرات میں وزیر پٹرولیم، ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کے درمیان سخت تناؤ رہا 5گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے ، دونوں فریقین کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچ سکے
کراچی (کامرس رپورٹر) ملک بھر کے پٹرولیم ڈیلرز اور وفاقی حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مجوزہ ہڑتال کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کردیا۔ مذاکرات میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کے درمیان سخت تناؤ دیکھا گیا۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد اور وزارت پٹرولیم کے درمیان گزشتہ روز بھی تقریباً پانچ گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے تاہم دونوں فریق کسی حتمی معاہدے پر نہ پہنچ سکے ۔ مذاکرات کے دوران پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دئیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیر پٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
مذاکرات میں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام میں کسی قسم کی تبدیلی سے انکار کردیا جس پر ڈیلرز نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ پٹرولیم ڈیلرز کا کہنا تھا مارجن میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط کی گئی ہے جو فوری ریلیف کے مطالبے کے برعکس ہے ، وفاقی وزیر کا رویہ غیر لچکدار رہا جس کے باعث مذاکرات بے نتیجہ رہے ۔ ڈیلرز نے مزید کہا کہ وہ فوری طور پر کراچی واپس روانہ ہوگئے ہیں تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جا سکے ۔ پٹرولیم ڈیلرز کے وفد میں چیئرمین ملک خدا بخش،وائس چیئرمین طارق حسن اور سندھ کے صدر امیر خان بھی شامل تھے ۔
وفد نے کراچی پہنچ کر اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے ۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ ہفتہ کی صبح سے مجوزہ ہڑتال کا فیصلہ بدستور برقرار ہے اور اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پٹرول پمپس کی بندش کا امکان یقینی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور آئندہ دنوں میں دوبارہ رابطے کا امکان موجود ہے تاہم فی الحال دونوں فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں پٹرولیم سپلائی کے حوالے سے غیر یقینی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ شہریوں میں بھی ممکنہ ہڑتال کے باعث تشویش پائی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments