گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی کی مزارقائد پر حاضری

گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ، کور کمانڈر  کراچی کی مزارقائد پر حاضری

کراچی (سٹاف رپورٹر، اے پی پی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو کابینہ کے اراکین کے ہمراہ 80 ویں یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔ گورنر اور وزیراعلیٰ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو ان کی شاندار خدمات اور قوم کے لیے تاریخی خدمات پرخراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی لکھے ۔قبل ازیں مزار قائد پہنچنے پر وزیراعلیٰ اور کابینہ ارکان نے گورنر نہال ہاشمی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری، آئی جی ، کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گورنر اور وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔ بعد ازاں انہوں نے مزار قائد کے احاطے میں پرچم کشائی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ قوم قائداعظمؒ کے مزار پر پاکستان سے وفاداری کے عہد کی تجدید، ملک کی سالمیت، اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کرنے کے لیے جمع ہوئی ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قائد کے رہنما اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کریں اور ملکی ترقی و استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔

انہوں نے کہا ہمیں متحد اور پاکستان کی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ان نظریات اور بنیادوں کے دفاع کے لیے بھی پرعزم رہنا ہوگا جن پر اس ملک کی بنیاد رکھی گئی۔ مراد علی شاہ نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی و صوبائی حکومتوں اور پوری قوم کو 14 اگست کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے ، اس کے اتحاد کو برقرار رکھنا، اس کے اداروں کو مضبوط بنانا اور روشن و خوشحال مستقبل کے لیے انتھک محنت کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ادھر کور کمانڈر کراچی نے مزارقائد پرحاضری دیکرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے ۔اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...