مطالبات کی منظوری تک سڑکوں سے نہیں اٹھیں گے : حافظ نعیم

 مطالبات کی منظوری تک سڑکوں سے نہیں اٹھیں گے : حافظ نعیم

حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ، نظام کی ناکامی کا اعتراف ہورہا ، افسر شاہی خود کو حاکم سمجھنا بند کرے :خطاب مہنگی بجلی ،پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے دوسرے روز بھی جاری،شرکا بڑی تعداد میں موجود

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ پٹرولیم  لیوی کے خاتمہ سمیت دیگر مطالبات منظور ہونے تک سڑکوں سے نہیں اٹھیں گے ۔ لاہور ، کراچی ، پشاور کے دھرنے پچیس کروڑ عوام کی نمائندگی کررہے ہیں۔ حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن گئے ، نظام کی ناکامی کا اعتراف ہورہا ہے ، افسر شاہی خود کو حاکم سمجھنا بند کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا کے مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا ہے ۔ شدید گرمی کے باوجود لاہور کے چیئرنگ کراس پر ہزاروں افراد کا دھرنا بدستور جاری ہے ۔ شرکا نے رات مال روڈ پر گزاری اور حکومت کے خلاف مسلسل نعرے لگائے گئے ۔ شرکا نے ا علان کیا ہے کہ پٹرول 225 روپے فی لٹر ، پٹرولیم لیوی کا خاتمہ اور بجلی سستی ہونے تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ اسی دوران کراچی اور پشاور کے گورنر ہاؤسز کے باہر بھی جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور احتجاج میں شریک ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت تقریباً 195 روپے فی لٹر ہے ، غریب صارف سے مختلف ٹیکسوں اور لیوی کی صورت میں فی لٹر تقریباً 130 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ ایف بی آر کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ادارے میں سالانہ 1300 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے ، مگر اس کی خامیاں دور کرنے کے بجائے حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے ۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے مجموعی طور پر صرف 12 ارب روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ تنخواہ دار طبقے سے سالانہ 700 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 79 برس سے ایک مخصوص طبقہ مختلف حکومتوں کی شکل میں عوام پر مسلط ہے ، اب حکمران خود نظام کی ناکامی کا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں ، افسر شاہی عوام کو غلام اور خود کو حاکم سمجھتی ہیں۔حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کے پیغام پر انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد جاکر کسی کمیٹی سے بات نہیں کرے گی، جس نے بات کرنی ہے ، وہ یہاں آئے ، ہم اسے عزت دیں گے اور مذاکرات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن احتجاج کر رہی ہے اور یہ اس کا آئینی حق ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...