سند ھ میں نیا صوبہ نہیں بننے دینگے :صوبائی وزرا
ہم چیف منسٹری قربان کر دینگے سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دینگے :ناصر شاہ تقسیم کی باتیں کرنیوالوں کو سندھ کے طول و عرض ،حقائق کا علم نہیں:سعید غنی
کراچی(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا ہے وہ سندھ میں نیا صوبہ نہیں بننے دیں گے ۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ٹی وی پروگرام میں کہا ہم سندھ کی چیف منسٹری قربان کر دینگے لیکن سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے کہا سندھ کی تقسیم بڑا حساس معاملہ ہے ، ایم کیوایم نے کئی بار کہا کہ سندھ کی تقسیم سے تفریق پیدا ہوگی، سب کیلئے اس سے لسانی مسائل ہوں گے ، ہاں ! سندھ میں گڈ گورننس پر بات ہوسکتی ہے ۔وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے سکول کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا جو مرضی کرلیں میں لکھ کر دینے کو تیار ہوں سندھ کے اندر کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنے گا۔
انہوں نے کہا بعض اوقات بہت حیرت ہوتی جب مختلف تجزیہ نگار اور تجزیہ کار صحافی بیٹھے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ سندھ میں صوبہ بنے اور اس کی دلیل دیتے ہوئے یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کرپشن کرتی ہے ، اس طرح کی جاہلانہ اور بے وقوفی والی سوچ رکھنے والوں کو ہم کیا کہہ سکتے ہیں، سندھ کی تقسیم کرنے اور نئے صوبے بنانے کی باتیں کرنے والوں کو سندھ کے طول و عرض اور حقائق کا کچھ علم نہیں ،انہوں نے مزید کہا کراچی میں دھرنے اور عوام کو تکلیف دینے سے شہباز شریف پر کیا فرق پڑے گا، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ایک پڑھے لکھے انسان ہیں ، ان سے گزارش ہے کہ وہ عقل سے کام لیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments