اسحاق ڈار سے روسی اور فرانسیسی سفیروں کی ملاقات

اسحاق ڈار سے روسی اور فرانسیسی سفیروں کی ملاقات

البرٹ خوریف سے ملاقات میں امن استحکام کیلئے مذاکرات کے تسلسل پرزور نکولس گیلے کو سفارتی ذمہ داریاں مکمل کرنے پر مبارکباد،تعاون بڑھانے کاعزم

اسلام آباد(وقائع نگار،دنیا نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے روسی اور فرانسیسی سفیروں نے ملاقاتیں کیں ۔روس کے سفیر البرٹ خوریف کے ساتھ ملاقات میں پاک روس دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی حل اور مذاکرات کے تسلسل پر زور دیاگیا ۔ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے پاک روس دوطرفہ تعلقات میں آنے والے مثبت موڑ اور بڑھتی پیشرفت کو سراہا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم اور کلیدی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں اور ملاقاتوں کے تسلسل کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم نے پاکستان کے اس دیرینہ اور اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ تنازعات کے حل، اختلافات کو دور کرنے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لئے صرف مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد حل ہیں۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے الوداعی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے سفیر نکولس گیلے کو اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر اعلی سطح کے روابط، مذاکرات اور مشاورت کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...