کئی شہروں میں بارش ،چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق
جڑواں شہروں میں مزید نشیبی علاقے زیر آب،رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں ، لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد ،راولپنڈی،لاہور (نیوز ایجنسیاں) ملک کے مختلف علاقوں میں مسلسل دوسرے روز موسلادھار بارش ،راولپنڈی اور اسلام آباد کے مزید نشیبی علاقے زیر آب،رین ایمر جنسی نافذ کر دی گئی جبکہ اس دوران وفاقی دارالحکومت میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، 17سالہ لڑکی زخمی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ روز بھی موسلا دھار بارش وقفہ وقفہ سے ہوتی رہی ۔ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رین ایمرجنسی نافذ کرکے فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ،نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10.5 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 3ملی میٹر، گولڑہ میں22، بوکرہ میں 59، پیرودھائی میں 72 ، گوالمنڈی میں 59 اور نیو کٹاریاں میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح منگلا میں 82، اٹک 77، گوجرانوالہ 35، سیالکوٹ سٹی 31 ، ، نارووال 13، لاہور ایئرپورٹ 10، ،مالم جبہ 6، ژوب 6 اور مظفرآباد سٹی میں 2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر وفاقی دارالحکومت کے علاقہ مدینہ ٹاؤن میں مکان کی چھت بارش کے باعث گر گئی جس کے نتیجہ میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے ،دونوں کی عمریں 50 سے 60 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں،حادثہ میں 17 سالہ لڑکی زخمی ہو گئی، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مزید برآں موسلادھار بارش کے باعث پارلیمنٹ ہاؤ س کی مختلف چھتیں بھی ٹپکنے لگیں، چھت ٹپکنے کے باعث سینیٹ ہال کے سامنے لابی میں فرش پر پانی کھڑا ہوگیا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کے چیمبر کی چھت بھی ٹپک پڑی ۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور ، اسلام آباد،راولپنڈی، مردان ،گجرات، سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں کل تک اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔اس دوران کشمیر ،مری،گلیات ، اسلام آباد/راولپنڈی کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی، پختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، گلگت بلتستان، مری،گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ علاوہ ازیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments