بلوچستان : آپریشن ردالفتنہ 3 میں مزید 9 دہشتگرد ہلاک ، ٹھکانے تباہ

 بلوچستان : آپریشن ردالفتنہ 3 میں مزید 9 دہشتگرد ہلاک ، ٹھکانے تباہ

سکیورٹی فورسز کی زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی پر ٹھکانے کو گھیر کر کارروائی، 8 دہشت گرد مارے گئے سوراب کے حاجیکہ گاؤں میں 1 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ بارود، دستی بم، واکی ٹاکی ، موٹرسائیکل و دیگر سامان برآمد

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں  کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی جس میں 8 دہشت گرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کامیاب آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا ۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے ۔سکیورٹی ذرائع نے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں پر فخر ہے ، سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...