سپریم کورٹ نے میرٹ پر فیصلہ دیا :رانا ثنا اللہ
پی ٹی آئی نااہل بانی کو جیل سے نکالنے کیلئے این آر اوکی خواہشمند:خواجہ آصف عدلیہ کا وقار بحال ہوگا ، بہتر ہوتا حکومت یہ فیصلہ خود کرتی:خواجہ سعد رفیق
اسلام آباد(دنیا نیوز )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آزادانہ اور میرٹ پر مبنی ہے ، پی ٹی آئی گھیراؤکے بجائے قانونی راستہ اختیارکرتی تو ریلیف پہلے ہی مل جاتا۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا تحریک انصاف نے بڑی دیرکی، سیدھا راستہ یہی تھا، اس نے درست فورم پرکیس رکھا جس کا فیصلہ میرٹ کے مطابق آیا ،تحریک انصاف آج عدالت کی تعریف کر رہی ہے ، ان کو چاہیے جب فیصلہ پسندکا نہ ہو تب بھی عدالتوں کا احترام کریں ۔دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اپنے نااہل قائد کو جیل سے نکالنے اور این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
مجھے بانی پی ٹی آئی کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم تحریک انصاف کو اپنے بیانیے میں موجود واضح تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے ،انہوں نے بانی کی صحت کی دعا کرتے کہا کہ اللہ انہیں تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے ۔ خواجہ سعد رفیق کاکہناہے کہ عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے ،بہتر ہوتا کہ حکومت یہ فیصلہ خود کرتی ، اس فیصلے سے عدلیہ کا کھویا ہوا وقار بحال ہو گا، سچ یہ ہے کہ اس فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا، برسات کی حبس زدہ رُت میں یہ فیصلہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے ، انکی جماعت اور اہلخانہ کا ذمہ دارانہ رویہ اگلے راستے کھُلنے کی صورت متعین کر سکتا ہے ، جیل قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے ،ڈاکٹر یاسمین راشد،اعجازچودھری،عمر چیمہ،محمود الرشید سمیت پی ٹی آئی کے باقی تمام اسیر بھی ایسی توجہ کے حقدارہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments