سینیٹ ملازمین کیلئے جدید طبی نظام وضع کرنیکی ہدایت
سینیٹ ذیلی کمیٹی کا اجلاس،سٹیٹ لائف ، الفلاح انشورنس کمپنی نے بریفنگ دی موجودہ نظام کو کیش لیس ہیلتھ کیئرسسٹم سے تبدیل کیاجا ئے ،سینیٹر امیر ولی الدین
اسلام آباد (سیدقیصرشاہ)سینیٹ ملازمین کیلئے ملازم دوست جدید طبی نظام وضع کرنے کی ہدایت۔ سینیٹ سیکرٹریٹ ایمپلائز ویلفیئر فنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر سینیٹر امیر ولی الدین چشتی کی زیر صدارت ہوا جس میں ملازمین کو درپیش طبی اخراجات کی واپسی کے موجودہ نظام پر غور کیا گیا جس کے تحت ملازمین کو پہلے اپنے اخراجات پر علاج کرانا پڑتا ہے اور بعد ازاں طبی اخراجات کی واپسی کے لیے کلیم جمع کرانا ہوتا ہے ۔ذیلی کمیٹی نے کہا کہ موجودہ نظام کو کیش لیس ہیلتھ کیئر نظام سے تبدیل کیاجا ئے ۔ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور الفلاح انشورنس لمیٹڈ کے نمائندوں نے کمیٹی کو اپنے مجوزہ ہیلتھ انشورنس پلانز کے بارے میں بریفنگ دی ۔سینیٹر امیر ولی الدین چشتی نے دونوں کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ اپنے موجودہ معاہدوں اور ہیلتھ انشورنس پلانز کی تفصیلات کمیٹی کو فراہم کریں ۔ذیلی کمیٹی نے کہا سینیٹ ملازمین کے لیے جدید، شفاف اور ملازم دوست طبی نظام وضع کیا جائے ، جس کے تحت انہیں مالی بوجھ اور موجودہ ری ایمبرسمنٹ نظام کی پیچیدگیوں کے بغیر معیاری طبی علاج کی سہولت میسر آسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments