عمران خان جیل سے ہسپتال منتقل
بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقلی سے قبل ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ کی موجودگی میں معائنہ، سکیورٹی سخت ، پارٹی نے کارکنوں کو آنے سے روکدیا سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں حکومت ہسپتال انتظامیہ کی مشاورت سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیگی،فزیشن ،سرجن،انٹرنل میڈیسن،ماہرامراض چشم اورقلب شامل ہونگے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کر دیا ہے ، ہسپتال منتقلی سے قبل اڈیا لہ جیل میں عمران خان کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اس موقع پر ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل،ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ بھی موجود تھے ، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں حکومت شفاہسپتال کی انتظامیہ کی مشاورت کیساتھ میڈیکل بورڈ تشکیل دے گی،جس میں ایک فزیشن ،جنرل سرجن،انٹرنل میڈیسن،ماہرامراض چشم اورماہرامراض قلب شامل ہوگا،میڈیکل بورڈ بانی پی ٹی آئی کامعائنہ اورعلاج کریگا۔
ڈاکٹرفیصل سلطان اوربانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ ڈاکٹرعظمیٰ خان کو طبی معائنے اورٹریٹمنٹ کے دوران موجودرہنے کی اجازت ہوگی،ہسپتال کے اخراجات بانی پی ٹی آئی کی فیملی برداشت کریگی، بانی پی ٹی آئی کی جیل سے منتقلی سے قبل ہسپتال کے ارد گرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،ہسپتال کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کی گئی تھی،سکیورٹی حکام نے متعدد راستے ٹریفک کے لیے بند کر دئیے تھے ، حکام کے مطابق ہسپتال کی جانب جانے والے اہم راستوں پر بیریئرز لگا دیئے گئے اور آمد و رفت کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے ۔ سکیورٹی اقدامات کے باعث ہسپتال کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنوں کوہسپتال جانے سے روک دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments