عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیخلاف حکومتی درخواست پر اعتراض

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیخلاف حکومتی درخواست پر اعتراض

دوبارہ دائر کر دی،درخواست سے بہت سی چیزیں واضح ہو جائیں گی :رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف حکومتی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔ ذرائع  کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف حکومتی نظرثانی درخواست پر کل اعتراض عائد کیے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نظرثانی درخواست کے ساتھ پیپر بُکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2 روز قبل عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا ۔ بعد ازاں چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی۔ ادھر وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئین اور قانون کی پابند ہے ، حکومت نے اعتراض دور کر کے نظرثانی اپیل دوبارہ دائر کردی ہے ، اپیل کا فیصلہ آنے دیں، فیصلے سے چیزیں واضح ہو جائیں گی، توقع ہے درخواست پر فیصلہ آج یا کل آ جائے گا۔

انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں۔ حکومت اس بات پر کلیئر ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے کرمنل جسٹس سسٹم متاثر ہوگا، سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماتحت عدالتوں پر بائنڈنگ ہوتا ہے ، کیا اس فیصلے کے بعد ہر قیدی کو پرائیویٹ ہسپتال منتقل کیا جائے گا؟ اس طرح تو ماتحت عدالتوں کے پاس کوئی عذر نہیں رہے گا۔ رانا ثناء نے مزید کہا کہ نوازشریف جیل سے سرکاری سروسز ہسپتال گئے تھے جہاں ڈاکٹروں کے میڈیکل بورڈ نے تجویز کیا تھا کہ نواز شریف کا علاج بیرون ملک ہونا چاہیے ، میڈیکل بورڈ کی تجویز پر نوازشریف کا علاج بیرون ملک ہوا اور حکومت نے اجازت دی۔ حکومت کی نظرثانی درخواست میں بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل سے کسی قیدی کو باہر ہسپتال منتقل کرنے کیلئے قانونی طریقہ کار موجود ہے اور متعلقہ حکام کے اختیارات کو نظرانداز کرکے عبوری حکم جاری کیا گیا۔ درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...