وزارتوں کو قوانین میں حکومت کی جگہ متعلقہ اتھارٹی لکھنے کی ہدایت

 وزارتوں کو قوانین میں حکومت کی جگہ متعلقہ اتھارٹی لکھنے کی ہدایت

وفاقی کابینہ کے 2017کے فیصلے کے تحت وزیراعظم، وزیر یا سیکر ٹری کو اختیارات منتقل ہونگے صرف قانوناً ضروری معاملات کابینہ میں لائے جائیں گے ، دیگر فیصلے متعلقہ مجاز اتھارٹی کرے گی

اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو وفاقی کابینہ کے 2017 میں کیے گئے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے قانون میں ترامیم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مذکورہ فیصلے کے تحت ایسے معاملات جن میں قوانین اور قواعد میں ‘‘وفاقی حکومت’’ کی منظوری درکار ہوتی ہے ، ان میں اختیارات مناسب اتھارٹی، یعنی وزیراعظم، متعلقہ وفاقی وزیر یا سیکر ٹری کی سطح پر منتقل کیے جائیں گے ۔دستاویز کے مطابق وفاقی کابینہ نے 8 ستمبر 2017 کے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ تمام وزارتیں اور ڈویژنز قانون و انصاف ڈویژن سے مشاورت کے بعد اپنے متعلقہ قوانین اور قواعد میں ضروری ترامیم کریں اور جہاں ‘‘وفاقی حکومت’’ کے الفاظ درج ہیں، وہاں ان کی جگہ متعلقہ اتھارٹی یا اتھارٹیز کا ذکر کیا جائے ۔فیصلے کا مقصد ایسے معاملات میں ہر بار وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کے بجائے اختیارات متعلقہ حکومتی سطح پر استعمال کرنا ہے۔

اس کے تحت جن معاملات کا اختیار وزیراعظم، وفاقی وزیر یا متعلقہ سیکرٹری کو تفویض کیا گیا ہو، ان میں فیصلہ سازی اسی سطح پر کی جائے گی، جبکہ صرف وہ معاملات کابینہ کے سامنے لائے جائیں گے جن کے لیے قانون یا قواعد کے تحت کابینہ کی منظوری ضروری ہو۔وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ایکٹ اور رولز میں اس فیصلے کے مطابق ترامیم کریں تاکہ ‘‘وفاقی حکومت’’ کی عمومی اصطلاح کے بجائے واضح طور پر یہ متعین ہو کہ کسی معاملے میں فیصلہ کرنے کا اختیار وزیراعظم، وفاقی وزیر، سیکر ٹری یا کسی دوسری متعلقہ اتھارٹی کے پاس ہوگا۔وفاقی حکومت کے اقدام سے وزارتوں اور ڈویژنز میں فیصلہ سازی کا عمل کابینہ کی سطح سے متعلقہ مجاز حکام تک منتقل ہوگا اور اختیارات کی مؤثر تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...