خیبرپختونخوا ، نادرا ای سہولت کے ذریعے فرد جاری کرنیکی منظوری
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے منظوری دی، افتتاح آئندہ ہفتے یقینی بنانیکی ہدایت
پشاور ( آن لائن )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شہریوں کی آسانی کے لیے نادرا ای سہولت مراکز کے ذریعے بھی زمین کا فرد جاری کرنے کی سہولت کی اصولی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس نئی سہولت کا افتتاح آئندہ ہفتے یقینی بنایا جائے تاکہ شہری بلا تاخیر اس سے مستفید ہوسکیں۔ محکمہ مال میں اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ زمینوں کی فردیں اب نادرا ای سہولت مراکز سے بھی جاری کی جائیں گی، جس سے شہریوں کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور انہیں سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر بھی نہیں لگانے پڑیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم عوام دوست طرز حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمین کے فرد کے اجرا کا نیا نظام شہریوں کے لیے آسانی، شفافیت اور سہولت کا ضامن ہوگا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زمین کے فرد کی سرکاری فیس اور دیگر سروس چارجز کی ادائیگی مکمل طور پر کیش لیس طریقے سے کی جائے گی۔ اجلاس کو لینڈ ایکوزیشن بل 2026 کے مسودے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لینڈ ایکوزیشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر روکنے کے لیے نئے بل میں خصوصی شقیں شامل کی جائیں اور بل کو جلد حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے متعلقہ فورمز پر پیش کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے لینڈ ایکوزیشن بل 2026 کے مسودے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بل قائد عمران خان کے وژن کے عین مطابق ہے اور اس میں عوامی مفاد کو سب سے مقدم رکھا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments