یورپی یونین ، دوست ممالک کیساتھ تجارتی روابط بڑھانے پر غور
اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ،انتونیو گوتریس، برازیلین وزیرخارجہ سے رابطہ
اسلام آباد (وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت دوست ممالک بالخصوص یورپی یونین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کے حوالے سے ساتواں اجلاس ہوا ۔تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ پاکستان کی تجارتی اور برآمدی کارکردگی میں اضافے کو ترجیح دی جائے ۔ اس موقع پر مارکیٹ تک رسائی ، برآمدی کارکردگی میں اضافہ اور متعلقہ فریقین کے درمیان موثر رابطہ کاری میں مزید بہتری لانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت کیے گئے وعدوں اور کنونشنز پر موثر پیش رفت اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان کی تجارتی اور برآمدی کارکردگی میں اضافے کو ترجیح دی جائے ، طے شدہ اقدامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مارکیٹ تک رسائی اور پاکستان کے لیے اقتصادی مواقع بڑھانے کے لیے رابطہ کاری کو مزید مضبوط کیا جائے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکر ٹر ی جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کی قیادت اور گزشتہ برسوں کے دوران ان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ برازیل کے وزیر خارجہ سفیر ماؤرو ویئرا نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔برازیل کے وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے تناظر میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر اعلیٰ سطح کے رابطوں اور قریبی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی نظام، مذاکرات اور سفارت کاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔گفتگو کے دوران دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور برازیل کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔نائب وزیراعظم سے پاکستان کے سوئٹزرلینڈ میں سفیر مرغوب بٹ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ، تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments