ایران کی مدد کرنیوالے ممالک اقتصادی نتائج بھگتیں گے :ٹرمپ

ایران کی مدد کرنیوالے ممالک اقتصادی نتائج بھگتیں گے :ٹرمپ

پیر کو تہران پر سخت ترین پابندیاں لگائیں گے ، بیجنگ تعاون کرے :امریکی وزیر خزانہ

واشنگٹن، تہران(نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی جنگ چھیڑتے ہوئے تباہ کن معاشی پابندیوں کا اعلان کردیا اور دنیا کو خبردار کیا ہے کہ جو بھی ملک کسی بھی قسم کا سہارا یا مدد ایران کو فراہم کرے گا، اسے اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا، اسرائیل کے ساتھ مل کر شروع کی گئی تقریباً چھ ماہ پرانی جنگ کے خاتمے کی کوشش کر رہا ہے ۔ٹرمپ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں بے مثال پیمانے پر اقتصادی جنگ اور تنہائی کا وعدہ کیا اور کہا جو بھی ملک اپنے مالیاتی اداروں، کاروباری اداروں، ہوائی اڈوں یا حکومتی اداروں کو ایران کو کسی بھی قسم کا سہارا فراہم کرنے کی اجازت دے گا، اسے خود بھی زبردست اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا ایران کو معاہدے کیلئے مجھ سے زیادہ بڑا موقع کسی اور نے نہیں دیا لیکن ایران نے قبول نہیں کیا، امریکا اب ایران کے خلاف کسی بھی ملک کے خلاف کی جانے والی سب سے تباہ کن اقتصادی کارروائی شروع کر رہا ہے جس میں غیر معمولی پیمانے پر اقتصادی جنگ اور ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنا شامل ہوگا۔

انہوں نے تیل کی سمگلنگ، مالیاتی تبادلے اور سواپ لائنز، نقد رقم کی منتقلی، ایکسچینج ہاؤسز، بحری جہازوں کی رجسٹری، فرنٹ کمپنیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا اور اس کارروائی کو اقتصادی ڈی ڈے قرار دیتے ہوئے امریکی اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ایران کو تنہا کرنے کیلئے امریکا کا ساتھ دیں۔امریکی صدر نے کہا کہ یہ تاریخی اقدامات ایران کو عالمی سطح پر طاقت کے استعمال اور دہشتگردی کی مبینہ معاونت سے روکنے کی اس کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچائیں گے ، ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا، اور انہوں نے بیجنگ پر زور دیا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرے ۔ بیسنٹ نے کہا کہ وہ پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کریں گے جس میں ان پابندیوں کی تفصیلات بیان کی جائیں گی۔بیسنٹ نے سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:یہ ایک کے بعد دوسرا کاری وار ہے ۔ ہمارے پاس ایران کی ناکہ بندی ہے اور اب ہم تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہایہ ایران میں مؤثر ثابت ہوگا اور ہم اس حکومت کو گرا دیں گے ۔انہوں نے کہااب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے اتحادی اور باقی دنیا فیصلہ کریں۔انہوں نے کہا ہمارے پاس غیر متوازن معلومات موجود ہیں، اور مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ تیل کی قیمتیں اس معاملے پر کیوں بڑھی ہیں۔اگر ہم زیادہ سے زیادہ اقتصادی دباؤ ڈال رہے ہیں، تو اس کا غالباً مطلب یہ ہے کہ بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی کارروائی شروع نہیں ہوگی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کے بیان کو امریکی عوام کی توجہ ملکی مالی مسائل، جن میں ریکارڈ قرض اور بڑھتی ہوئی شرحِ سود شامل ہیں، سے ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا عسکری جنگ سے کوئی نتیجہ نہیں نکلا، اب امریکا نے اپنی اگلی ناکامی کو معاشی جنگ کا نام دے دیا ہے ۔انہوں نے کہا ایران کو تباہی کے دہانے پر قرار دینے والے اب اپنے اتحادیوں سے مدد کی بھیک مانگ رہے ہیں۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے معمول کی پریس بریفنگ میں صحافیوں سے کہاپابندیاں اور دباؤ مسئلہ حل نہیں کریں گے ۔ یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں ایئرپورٹ اور سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ایک تنصیب پر ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، حوثیوں کے حملوں کے دعوے سے کچھ دیر قبل ایران کے پاسداران انقلاب نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ وہ یمن کے حوثیوں کو شکست دینے میں میں کامیاب نہیں ہوگا۔پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے ایرانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب یمن اور انصار اللہ کو قابو نہیں کرسکتا اور نہ ہی ان کے حملوں سے محفوظ رہ سکے گا۔ سعودی عرب جتنا زیادہ حملہ کرے گا، اسے اتنے ہی زیادہ اور سخت جوابی حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔جمعرات کو تیل کی قیمتیں بڑھ کر تین ہفتوں سے زائد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...