ایک سیاسی جماعت کا مزاج دنگا فساد اور ایک کا سسٹم کے نام پر کرپشن : مریم نواز

 ایک سیاسی جماعت کا مزاج  دنگا فساد اور ایک کا سسٹم کے نام پر کرپشن : مریم نواز

عوام کو اپنے حق کیلئے رلنا پڑے تو سمجھیں حکومت ناکام ،جس دن عوامی خدمت کا کوئی فیصلہ یا اقدام نہ کروں لگتا ہے دن ضائع کیا ملک کے پہلے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح، ہوم ڈائیلسز مشین متعارف کرانے کا اعلان

لاہور(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نام لیے بغیر مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا مزاج دنگا فساد اور ایک کا سسٹم کے نام پر کرپشن ہے ،کاش یہ جماعتیں ن لیگ کی طرح کام کررہی ہوتیں توآج ملک ترقی کررہاہوتا۔ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور پاکستان کے پہلے کارڈیک ہارٹ ٹرانسپلانٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے صوبے میں ہوم ڈائیلسز مشین متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا اورکہا سیاسی جماعتوں کی ساری توجہ مسلم لیگ (ن) پر ہے حالانکہ انہیں عوامی خدمت، ڈلیوری اور پرفارمنس پر توجہ دینی چاہیے ۔ اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) کا مزاج خدمت اور ترقی ہے ، پاکستان کے جس پراجیکٹ کو دیکھیں، محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی مہر نظر آتی ہے ، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔جو حکومت عوام کا حق دہلیز تک نہ پہنچا سکے وہ ناکام ہے ، روزانہ میٹنگ اور روٹین کے کام ہوتے ہیں،عوام کو اپنے حق کیلئے رلنا پڑے تو سمجھیں حکومت ناکام ہے ، جس دن عوامی خدمت کا کوئی فیصلہ یا اقدام نہ کروں لگتا ہے دن ضائع گیا۔ مال دولت، عزت اور اختیارمل جاتے ہیں مگر خدمت کی توفیق کسی کسی کو ملتی ہے۔

وزرا ، بیوروکریسی، افسروں، ڈاکٹروں اور سب کو کہتی ہوں جو امانت ملی ہے ، بہترین انجام دیں گے تو بہترین اجرا ملے گا۔جب ہم اچھا کام کرتے ہیں تو آپ کا دل گواہی دیتا ہے ،یہی جانچنے کا طریقہ ہے ۔دعا ہے کہ ہرسرکاری ہسپتال عوام کی خدمت کے نئے معیار قائم کرے ، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آکر ملنے والی خوشی بیان سے باہر ہے۔جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی آج فعال ہوچکا ہے ، پاکستان بھر سے مریض مفت علاج کے لیے یہاں آسکتے ہیں۔ بااختیار لوگوں کو اللہ نے عوام کی خدمت کے لیے چنا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر عوامی فلاح کے لیے فیصلے کرنا میری ذمہ داری ہے ۔ پنجاب میں عوام کا صرف مفت علاج ہی نہیں ہو رہا بلکہ مفت دوائیاں بھی دے رہے ہیں، مجھے پتا ہے سرکاری ہسپتالوں میں لوگوں سے پیسے لیے جارہے ہیں، ہسپتالوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلی بار ہارٹ اینڈ لنگز مشین، اے آئی ٹیکنالوجی سے منسلک 6 کیتھ لیبز، ہائیبرڈ کیتھ لیب، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز اور ٹیسلا ایم آر آئی جیسی جدید ترین طبی مشینری نصب کی گئی ہے۔

عام طور پر ہارٹ ٹرانسپلانٹ پر تقریباً 50 ہزار ڈالر لاگت آتی ہے ، تاہم چائنیز ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس لاگت کو 10 ہزار ڈالر تک لایا جائے گا اور پنجاب حکومت یہ تمام اخراجات خود برداشت کرے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے برطانیہ سے خدمت کے جذبے کے تحت پاکستان واپس آنے والے عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ڈاکٹروں اور عملے کو اللہ کی امانت سمجھ کر مریضوں کی خدمت کرنی چاہیے ۔ قبل ازیں دہشت گردی کا شکار افراد کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کے حوصلوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اسی دوران وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، واقعے میں 3 افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...