پاکستان سمیت 12 اسلامی ممالک کی شام میں اسرائیلی حملوں کی مذمت
اسرائیلی فضائی حملے انتہائی اشتعال انگیزی اور شام کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے :مشترکہ اعلامیہ
اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت 12 اسلامی ممالک نے شام پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان، ترکیہ، الجزائر، انڈونیشیا، اردن، لبنان، ملائیشیا، موریطانیہ، فلسطین، قطر، سعودی عرب اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے جاری مشترکہ بیان میں کہا ہے کہابو الظہور فوجی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے انتہائی اشتعال انگیزی اور شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کی کھلی خلاف ورزی اورباعث تشویش ہیں،اس طرح کی کارروائیاں شام کی تعمیر نو اور انسانی بحران سے نمٹنے کی کوششوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں، شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کو مجروح کرنے کا باعث ہیں۔
اعلامیے میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مضبوط، واضح اور اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے جارحیت کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے ،1974 کے انخلا کے معاہدے کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے اور اسرائیلی افواج کو ان علاقوں سے واپس بلایا جائے جہاں انہوں نے قبضہ کر رکھا ہے ، تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جائے اور علاقائی امن و استحکام کا تحفظ کیا جا سکے ۔مشترکہ بیان میں شام کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور سیاسی وحدت کے احترام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ان کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments