پنجاب اسمبلی:عمران کو شفا منتقل نہ کرنے پر اپوزیشن کا احتجاج

پنجاب اسمبلی:عمران کو شفا منتقل نہ کرنے پر اپوزیشن کا احتجاج

اسمبلیوں سے باہر نکلنے پر مجبور ہو نگے :معین ، نازیبا الفاظ پر حکومتی ارکان کو تنبیہ اپوزیشن اپنے رہنماؤں کو چیمپئن،حکومت9 مئی کے واقعات کا ملزم سمجھتی :سپیکر

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے بانی تحریک انصاف کو شفا ہسپتال منتقل نہ کیے جانے اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کو پس پشت ڈال کر کسی کی انا کی تسکین کی ، اگر صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو اپوزیشن جمہوریت اور اسمبلیوں سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے پانچ منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو گزشتہ آٹھ ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا اور ان کے علاج کیلئے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہ کرکے حکومت نے عدلیہ کا مذاق اڑایا ،عدلیہ کی ذمہ داری ہے وہ اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان کی جانب سے نوک جھونک کے باعث ایوان کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔

جس پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے معاملہ سنبھالتے ہوئے حکومتی ارکان کو متنبہ کیا کہ ایسے طرز عمل کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپیکر نے کہا کہ اگر کسی نے دوبارہ نازیبا الفاظ استعمال کئے تو اسے اجلاس سے باہر جانا ہوگا۔ اپوزیشن نے ایجنڈا معطل کرکے بانی تحریک انصاف کی صحت کے معاملے پر بحث کی اجازت مانگی۔ اپوزیشن کے مطالبے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے یقین دہانی کرائی کہ وقفہ سوالات کے بعد اپوزیشن کو اس معاملے پر بات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن اپنے رہنماؤں کو جمہوریت کا چیمپئن قرار دیتی ہے جبکہ حکومت انہیں 9 مئی کے واقعات کا ملزم سمجھتی ہے ۔ اپنی فوری بحث کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں احتجاج کیا اور کورم کی نشاندہی کرکے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا، تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں کامیاب رہی۔ بعدازاں اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر نکل آئے اور پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا۔ کورم مکمل نہ ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...