پٹرولیم لیوی ، آئی پی پیز کے خاتمے پر ہی مذاکرات ہونگے :حافظ نعیم

پٹرولیم لیوی ، آئی پی پیز کے خاتمے پر ہی مذاکرات ہونگے :حافظ نعیم

11 اور 12 ربیع الاول کو دھرنوں کے مقامات پر سیرت کانفرنسیں منعقد کی جائینگی یہی دھرنے پیدل مارچ کی صورت میں اسلام آباد جائیں گے :کراچی میں خطاب

کراچی، لاہور (سٹاف رپورٹر، سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں اگر وہ پٹرولیم لیوی ختم نہیں کرسکتے تو جماعت اسلامی دھرنے اور احتجاج ختم نہیں کرے گی۔ حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو پٹرولیم لیوی  ختم کرنے اور آئی پی پیز بند کرنے کے معاملے پر بات کرے ، بصورت دیگر کوئی مذاکرات نہیں ہونگے ۔کراچی میں گورنر ہاؤس سندھ کے باہر پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری دھرنے کے چھٹے روز بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکراچی سمیت دیگر صوبوں میں بھی دھرنے جاری رہیں گے ۔ 11 اور 12 ربیع الاول کو دھرنوں کے مقامات پر سیرت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور سیرت کا پیغام عام کیا جائے گا۔ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔ تاجر برادری حکومتی چالوں میں نہ آئے ، ملک بھر میں دکانیں پرامن طریقے سے بند کی جائیں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہی دھرنے پیدل مارچ کی صورت میں اسلام آباد کی طرف جائیں گے اور یہ دنیا کی تاریخ کا عظیم ترین پیدل لانگ مارچ ہوگا۔

اسلام آباد کی جانب ہر طرف سے پیش قدمی کی جائے گی۔ حکومت کے کنٹینر اور بندوقیں عوام کو نہیں روک سکتیں۔ اگر پٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو عوام کا ریلا کوئی نہیں روک سکے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی کے وسائل لوٹ رہی ہیں۔ سیاسی جماعتیں کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں کرتیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پر کراچی کی تباہی کا الزام بھی عائد کیا۔دوسری جانب لاہور کے چیئرنگ کراس پر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں کی بدانتظامی، کرپشن اور ناقص طرز حکمرانی عام آدمی کے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہاتھ ملائیں، ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ نہ کریں۔ حکومت تیل کی مصنوعات پر پٹرولیم لیوی کی بھتہ خوری بند کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...