راولپنڈی:دادو چھہ ڈیم پر36ارب کے پانی فراہمی،ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے کی منظوری
منصوبے میں سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم تعمیر کیا جائے گا، شہر کو یومیہ 35ملین گیلن مزید ٹریٹڈ پانی فراہم ہو گا ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ٹرانسمیشن لائن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک تعمیر کرے گا، دسمبر 2029تک منصوبہ مکمل کرنے کا ہدف
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) حکومت پنجاب نے راولپنڈی کیلئے دادوچھہ ڈیم پر 36 ارب روپے کی لاگت سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد راولپنڈی کے واٹر سپلائی نیٹ ورک میں یومیہ 35 ملین گیلن مزید ٹریٹڈ پانی شامل کیا جائے گا۔ محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبہ دسمبر 2029 تک مکمل کیا جائے گا اور اس کا مقصد راولپنڈی میں پینے کے پانی کی طویل المدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے سرفیس واٹر کا مؤثر اور پائیدار ذریعہ جدید ٹریٹمنٹ اور ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر سے منسلک کرنا ہے ۔ منصوبے کے تحت واٹر سپلائی انفراسٹرکچر کی تعمیر واسا راولپنڈی کرے گا۔ دادوچھہ ڈیم کی تکمیل کے بعد واسا ٹرانسمیشن لائن اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بھی تعمیر کرے گا جس کے ذریعے ٹریٹڈ پانی راولپنڈی شہر کے موجودہ واٹر سپلائی نظام میں شامل کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا راولپنڈی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سہیل اسلم کو اس منصوبے کا پراجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کیا اور انہیں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنانے اور منصوبے پر پیش رفت کی قریبی نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ منظور شدہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ یومیہ 35 ملین گیلن مزید صاف پانی کی فراہمی سے راولپنڈی کے موجودہ واٹر سپلائی نظام کو تقویت ملے گی اور شہریوں کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی زیادہ قابلِ اعتماد بنانے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments