جی 13 اپارٹمنٹس کی فنشنگ شروع، 3سال میں الاٹیز کو ملیں گے
اسلام آباد کے تمام مستقل رہائشی خاندانوں کو صحت بیمہ کی سہولت فراہم کی جارہی ریلوے حادثات پر 765اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہوئی ، قومی اسمبلی وقفہ سوالات
اسلام آباد (سہیل خان)قومی اسمبلی میں تحریر ی وقفہ سوالات کے دوران وزارت ہاؤسنگ نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی-13میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے لائف سٹائل ریذیڈنسی منصوبے کا کنٹریکٹ تنازعات کے باعث منسوخ کرکےمنصوبے کا کنٹرول اتھارٹی نے خود سنبھال لیا ہے ۔ منصوبے کا گرے سٹرکچر مکمل ہوچکا ہے اور نجی شراکت دار کے ذریعے فنشنگ کا کام شروع کرکے تین سال میں تمام اپارٹمنٹس الاٹیز کے حوالے کیے جائیں گے ۔وزارت صنعت و پیداوار نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے 31 جولائی 2025 سے ملک بھر میں اپنے 3742 ریٹیل سٹورز اور 1000 فرنچائزز کے آپریشنز مکمل طور پر بند کردئیے ہیں۔ فارغ کیے گئے ملازمین میں 8.14 ارب روپے سے زائد کا پیکیج تقسیم کیا جا چکا ہے ۔
وزارت صنعت نے مزید بتایا کہ ایک ہزار صنعتی سلائی یونٹس منصوبے کے ذریعے ٹیکسٹائل و گارمنٹس سیکٹر میں 1835 فل ٹائم اور 1375 پارٹ ٹائم ملازمتیں فراہم کی گئیں۔وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2026 کے لیے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے شفاف مسابقتی بنیادوں پر 880 خدام الحجاج اور ناظمین کا انتخاب کیا گیا۔ دوران حج فرائض میں غفلت برتنے پر 108 اہلکاروں کے یومیہ الاؤنس میں کٹوتی کی گئی۔وزارت ریلوے نے بتایا کہ ریل حادثات کے ذمہ دار 765 اہلکاروں کے خلاف تادیبی و محکمانہ کارروائی کی گئی ۔وزارت صحت نے بتایا کہ وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے تحت اسلام آباد کے تمام مستقل رہائشی خاندانوں کو صحت بیمہ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار رجسٹرڈ خاندانوں کو فی خاندان سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت ان ڈور علاج، ڈائیلاسز اور کیموتھراپی کی سہولت حاصل ہے ۔ پمز اور پولی کلینک میں دل کے مریضوں کو ایمرجنسی میں مفت ادویات اور 24 گھنٹے مفت پرائمری اینجیوپلاسٹی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments