پشاور،چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، دواہلکار شہید
ضلع خیبر کے علاقے زرمت خان میں بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کیاگیا جوانوں کی مدد کیلئے اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی،علاقے میں سرچ آپریشن جاری
پشاور (اے پی پی)ضلع خیبر کے علاقے میں زرمت خان چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور ایف سی اہلکار شہید ہوگئے ۔تر جمان ضلع خیبر پولیس کے مطابق تھانہ جمرود کی حدود میں جوائنٹ چیک پوسٹ زرمت خان شہید تختہ بیگ پر دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں نے بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شمال شلمانی اور ایف سی اہلکار نظیر شہید ہوگئے ۔پولیس جوانوں کی مدد کے لیے اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچا دی گئی۔ ڈی پی او خیبر کی نگرانی میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہیے ۔ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا شہید پولیس اہلکار شمال شلمانی اور ایف سی اہلکار نظیر نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا۔ پولیس جوانوں نے مختلف اطراف سے ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔ خیبر پولیس دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments