اسلام آباد پولیس بھرتی، اقلیتی کوٹہ پرعمل کیاجائے :پارلیمانی کاکس
آئی جی کی اجلاس میں عدم شرکت پر اظہاربرہمی ،پولیس حکام کو آخری وارننگ پچھلی بھرتیوں کی اقلیتی نشستوں کا بیک لاگ بھی شامل کیا جائے :کمیٹی ارکان
اسلام آباد (سید قیصرشاہ)پارلیمانی کاکس برائے اقلیتی امور کا اجلاس سینیٹر دنیش کمار کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں اقلیتوں کی بھرتیوں، کچی آبادیوں، تاریخی مذہبی مقامات کی بحالی اور اقلیتی حقوق سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام کو آخری وارننگ دی گئی، کمیٹی نے اسلام آباد پولیس میں 1588 اسامیوں پر جاری بھرتی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اقلیتوں کے لیے مقررہ 5 فیصد کوٹہ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق گزشتہ بھرتیوں کی خالی رہ جانے والی اقلیتی نشستوں کا بیک لاگ بھی موجودہ بھرتی میں شامل کیا جائے۔
اجلاس میں سی ڈی اے حکام نے اسلام آباد میں 10 تسلیم شدہ اور متعدد غیر تسلیم شدہ کچی آبادیوں کے حوالے سے بریفنگ دی،کمیٹی نے غیر قانونی کچی آبادیوں کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کی ہدایت کی،کمیٹی نے اسلام آباد کے تاریخی مذہبی مقامات کی بحالی پر بھی تفصیلی غور کیا، اجلاس میں سیدپور گاؤں میں موجود 16ویں صدی کے رام مندر، گورودوارہ اور دھرم شالا کی بحالی، دوبارہ قابلِ استعمال بنانے اور اراضی کی منصفانہ ازسرنو قیمت کے تعین کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حوالے کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments