بہاولپور صوبہ بحالی، پرنس بہاول عباس عباسی کا سیاسی قیادت کو خط
خط صدر زرداری ،وزیر اعظم شہباز شریف ،بلاول ، نواز شریف کے نام لکھا گیا آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت قانون سازی کرکے صوبے کا درجہ دیا جائے پنجاب اسمبلی کی متفقہ طور پرقرارداد کے بعد وفاقی سطح پر اقدامات ضروری ہیں حکومت وعدے کی پاسداری اور بڑی سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں،خط کا متن
اوچ شریف (نمائندہ دنیا)امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے پرنس بہاول عباس عباسی نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت کے نام خط لکھ کر حکومت پاکستان سے بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال کرنے کے وعدے کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے ۔خط پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم میاں شہباز شریف، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو ارسال کیا گیا ہے ۔پرنس بہاول عباس عباسی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بہاولپور ریاست پاکستان میں شامل ہونے والی ابتدائی ریاستوں میں شامل تھی، تاہم 3 اکتوبر 1955ء کو ون یونٹ کے قیام کے ساتھ بہاولپور کی الگ انتظامی حیثیت ختم کردی گئی۔
یکم جولائی 1970ء کو ون یونٹ ختم ہوا، لیکن بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال نہ ہوسکی، حالانکہ حکومت پاکستان نے ریاست کے ساتھ بعض وعدے کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی بہاولپور صوبہ بحالی کی متفقہ قرارداد پہلے ہی منظور کرچکی ہے ، اس لیے اب وفاقی سطح پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ تمام سیاسی جماعتیں آئین پاکستان کے آرٹیکل 239 کے تحت قانون سازی کے ذریعے بہاولپور کو صوبے کا درجہ دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بہاولپور کو صوبہ بنانے سے جنوبی پنجاب کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور وفاق مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی قیادت تاریخی ناانصافی کا ازالہ کرتے ہوئے بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments