کرپشن و بدعنوانی کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع، عوام کا پیسہ نہیں کھانے دونگی : مریم نواز
خفیہ سیل قائم ، ہیلپ لائن1350فعال ، گرفتاریاں شروع،جہاں رشوت مانگی جائے فوری اطلاع دیں:عوام سے اپیل وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری دے دی ، موبائل ویٹرنری فلیٹ کا بھی افتتاح کر دیا
لاہور (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز،آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کرپشن کی نشاندہی اور کارروائی کیلئے خصوصی خفیہ سیل قائم ، عوام کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن1350فعال کر دی گئی،مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرفتاریاں بھی شروع کر دی گئیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست پیش کرکے گرفتاریاں شروع کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا،کسی کو عوام کا پیسہ کھانے نہیں دوں گی،کرپشن کے مقدمات میں عہدہ ،تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت مانگی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال ہو، عوام فوری اطلاع دیں، ہر شکایت پر کارروائی ہو گی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائیگا، عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوٹی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہو گی ،جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا وہ روکا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لایا جائے گا، عوام کا اعتماد ہی اس حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے ، اس پر آنچ نہیں آنے دوں گی۔ مریم نوازنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کئے گئے ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی، جو اچھا کام کرے گا اسکی حوصلہ افزائی کے لئے سی ایم میرٹ بیج ہے اور جو کرپشن کرے گا وہ قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں مریم نواز نے ڈی جی پی آر کی ری سٹرکچرنگ کا حکم دے دیا اورڈی جی پی آر ہیڈ کوارٹر کی نئی بلڈنگ کی منظوری دی اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی کیلئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کر دی، ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام تک بروقت اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کیلئے دور حاضر کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں، کمیونیکیشن آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ، سمجھنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں، اطلاعات کی فراوانی کے دور سے گزر رہے ہیں ،سچ اور جھوٹ کی پرکھ کیلئے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے آگاہ رکھا جائے ، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کمیونیکیشن کے شعبے میں قابل تقلید مثال قائم کی۔
ادھر مریم نواز شریف کی بے لوث قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ مویشیوں کے علاج معالجہ کیلئے بھی مکمل موبائل ہسپتال فلیٹ فعال کر دیا گیا،انہوں نے گزشتہ روز موبائل ویٹرنری فلیٹ کا افتتاح کر دیا،اس حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں مریم نواز شریف نے سٹیٹ آف آرٹ موبائل وٹرنری ڈسپنسری،وٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے لائیوسٹاک کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کی اور ماڈل ویٹرنری ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔ مزید 30 موبائل وٹرنری ڈسپنسری اور 17 موبائل ویٹرنری لیب کا آغاز کر دیا گیا۔پنجاب میں سینکڑوں موبائل ویٹرنری ہسپتال فعال ہو گئے ۔ موبائل ویٹرنری ڈسپنسری میں الٹراساؤنڈ،ایکسرے یونٹ اور موبائل وٹرنری لیبارٹری میں موقع پر ہی 40ٹیسٹ کئے جا سکیں گے ۔
صوبائی وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبہ بھر میں مویشیوں کے علاج کے لئے فارمر کے ڈیرے پر جاکر 6964 موبائل موٹر بائیک پر ویٹرنری اسسٹنٹ بھی متحرک ہوں گے ۔ پنجاب کی ہر تحصیل میں 230 ویٹرنری ہسپتالوں کی تعمیر وبحالی کے ساتھ ماڈل وٹرنری ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجا ب میں مویشیوں کی بہتر افزائش نسل سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بڑھائیں گے ۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر اظہار تشکرکرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 15 دہشت گرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments