افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی دراندازی ناکام، 15 ہلاک
فورسز کا شمالی وزیرستان سے داخل ہونیکی کوشش کرنیوالے دہشتگردوں کیساتھ 36 گھنٹے تک مقابلہ ،اسلحہ، گولہ بارود برآمد افغان حکومت دہشتگردوں کو اپنی سرزمین کے استعمال سے روکنے میں ناکام :آئی ایس پی آر ، صدر، وزیراعظم کا فورسز کو خراج تحسین
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج نے افغانستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 دہشت گرد ہلاک کر دئیے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیر ستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاک فوج نے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی، پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کا 36 گھنٹے تک مقابلہ کیا۔پاک فوج کے موثر آپریشن میں بھارتی فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، ہلاک ہونے والے خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا،خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم مزید بے نقاب ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکنے میں مکمل ناکام رہی، افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام ہے ۔پاکستانی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیرمتزلزل ہیں، علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔صدر اور وزیراعظم نے فورسز کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے کہا بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ شہباز شریف نے کہا پاکستانی سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جو ملکی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کے لیے برسرِ پیکار ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا وطنِ عزیز کے دفاع میں پیش پیش سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر اظہار تشکرکیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments