نہم کے نتائج نے محکمہ تعلیم پنجاب کی کارکردگی کا پول کھول دیا
لاہور، قصور،ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کے متعدد سرکاری سکولوں کا رزلٹ صفر سینکڑوں سکولوں کا 30فیصد سے بھی کم رزلٹ،بہتری کیلئے اقدامات کا مطالبہ
لاہور(خبر نگار )لاہور بورڈ کے تحت نہم جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج نے محکمہ تعلیم پنجاب کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئیے ، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کے متعدد سرکاری سکولوں کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے ، وزیر تعلیم کے آبائی حلقے کے سرکاری سکولوں کی کارکردگی بھی ایک بار پھر تسلی بخش نہ ہوسکی۔دستیاب نتائج کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول پھول نگر قصور میں نہم جماعت کے 184 طلبہ میں سے صرف 28 کامیاب ہوسکے اورسکول میں کامیابی کا تناسب تقریباً 15 فیصد رہا۔لاہور کے 108 سرکاری سکولوں کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے، لاہور کے دو سرکاری سکولوں میں نہم جماعت کا کوئی بھی طالب علم کامیاب نہ ہوسکا جبکہ پانچ سرکاری سکولوں میں صرف ایک، ایک طالب علم ہی امتحان پاس کرسکا جبکہ 104 سرکاری سکولوں کا مجموعی نتیجہ 30 فیصد سے بھی کم رہا۔
قصور کے 105 سرکاری سکولوں کے نتائج غیر تسلی بخش قرار پائے جبکہ 90 سے زائد سرکاری سکولوں میں کامیابی کا تناسب 30 فیصد سے بھی کم رہا، 4 سرکاری سکولوں میں نہم جماعت کا ایک بھی طالب علم کامیاب نہ ہوسکا جبکہ 6 سرکاری سکولوں میں صرف ایک، ایک طالب علم ہی کامیابی حاصل کرسکا۔ ننکانہ صاحب کے 2 سرکاری سکولوں میں بھی نہم جماعت کا رزلٹ صفر رہاجبکہ 24 سرکاری سکولوں کے نتائج انتہائی غیر تسلی بخش رہے ۔شیخوپورہ کے 26 سرکاری سکولوں میں 30 فیصد سے بھی کم طلبہ نہم جماعت کا امتحان پاس کرسکے جبکہ 4 سرکاری سکولوں کا نتیجہ صفر رہا۔نہم جماعت کے نتائج میں سرکاری سکولوں کی ناقص کارکردگی پرتعلیمی حلقوں نے ایسے سکولوں میں فوری طور پر وجوہات کا تعین، اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ اور طلبہ کی تعلیمی بہتری کیلئے خصوصی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments