آئندہ ہفتے نواز، زرداری ملاقات، لندن پلان کی بازگشت
زرداری چاہتے ہیں نئے صوبوں کا آغاز پنجاب ، خیبر پختونخوا سے ہو:دنیا مہربخاری کیساتھ
لاہور(دنیا نیوز)صدر مملکت آصف علی زردار ی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو لندن میں موجود ہیں جبکہ آئندہ ہفتے مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف بھی لندن پہنچ رہے ہیں ،سیاسی بڑوں کی ایک ہی وقت میں لندن میں موجودگی کولندن پلان ٹو کا شاخسانہ قراردیا جارہا ہے۔ دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں میزبان نے کہا جب سے لندن میں مقیم صدر آصف علی زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ہے لندن پلان ٹو کی باز گشت کے ساتھ ساتھ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی لڑائی بھی زور پکڑ چکی ہے ،یہاں طبل جنگ بجادیا گیا ہے ،یہ تاثر اس لیے زور پکڑرہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو لے کر ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتیں اس حق میں نہیں کہ نئے صوبے بنا کران کے پولیٹیکل کیپیٹل کو،ان کی اجارہ داری کو تقسیم کیا جائے ،صدرآصف علی زرداری اور محسن نقوی کے مابین طویل ملاقات کے بعد بھی یہی خبر سامنے آئی کہ ملاقات میں نئے صوبوں کا معاملہ زیر بحث آیا،محسن نقوی نے اہم پیغام صدرمملکت آصف علی زرداری کو پہنچایا،صدرآصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت اور اس کی اتحادی پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے ایک خلیج حائل ہوچکی ہے ،اتحادی حکومت کے مستقبل کے سیاسی تعاون پر سوالات اٹھنا شروع ہوچکے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے صدرآصف علی زرداری نئے صوبوں کے قیام پرغور کیلئے تیار ہیں لیکن ان کا مطالبہ ہے اس معاملے کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے ،نئے صوبوں کا آغاز پنجاب اور خیبرپختونخوا سے کیا جائے ،صدرآصف علی زرداری فوری طور پر سندھ کی تقسیم سے گریز اں ہیں کیونکہ اس تقسیم سے سندھ میں شدید سیاسی بدامنی جنم لے سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments