مزید 9 سرکاری ملازمین گرفتار، اداروں کو کرپٹ افراد سے پاک کردینگے : مریم نواز

 مزید 9 سرکاری ملازمین گرفتار، اداروں کو کرپٹ افراد سے پاک کردینگے : مریم نواز

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے جھنگ ،مظفر گڑھ ،چکوال ،لاہور اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں انسپکشن ٹیم کے مختلف شہروں میں ہسپتالوں کے دورے ، اوورچارجنگ پر ایک ٹھیکیدارگرفتار

 لاہور (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر کرپٹ عناصر/ملازمین کیخلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی کامیاب کارروائیوں میں مزید 9 سرکاری ملازمین اور3فرنٹ مین گرفتار کر لئے  گئے ۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری اداروں میں کرپشن کے مکمل خاتمے کا وقت آچکا ،ہر سرکاری ادارے کو کرپشن اور کرپٹ افراد سے پاک کر کے دم لیں گے ۔اینٹی کرپشن پولیس نے کرپشن کرنے پر بہاولنگر میں اسسٹنٹ کمشنر آفس کے کلرک فیصل شیراز،یونین کونسل آفس کے سابق نائب قاصد مہران حسین،وہاڑی میں ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار طاہر بھٹی ،ڈیرہ غازی خان میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے کمپیوٹر آپریٹر ساجد ،منڈی بہاؤالدین میں محکمہ بلدیات کے نائب قاصد محسن شاہ ،جھنگ میں تحصیل آفس کے ریڈر محمد سلیم،مظفر گڑھ میں 2فرنٹ مین محمد یاسر اور عبداللہ ،لاہور میں پٹواری کا فرنٹ مین منشی مبین اختر،طارق نامی پٹواری کا فرنٹ مین منشی ماجد،چکوال میں پیرا فورس کا سارجنٹ آصف کمال، نائب قاصد طلال حسین رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے ،ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف مریم نواز کی ہدایات پر وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم نے رات گئے اوکاڑہ، دیپالپور ، چیچہ وطنی اور بہاولپورکے ہسپتالوں کے اچانک دورے کئے۔ انسپکشن ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ،ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور اورٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی کا معائنہ کیا۔اس دوران ٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی کی پارکنگ میں اوورچارجنگ کی شکایت پر ٹھیکہ منسوخ کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔علاوہ ازیں ٹیم نے ڈسٹرکٹ اوکاڑہ میں بارش کے پانی کھڑے ہونے اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کا نوٹس لیا اور ٹیم کی رپورٹ پر وزیراعلیٰ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی سی اوکاڑہ اور ڈی سی ساہیوال سے جواب طلب کر لیا ،مریم نواز نے خستہ حال دیپالپور روڈ کی فوری تعمیر شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی۔علاوہ ازیں سی ایم انسپکشن ٹیم نے رات گئے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں بھی اچانک چھاپہ مارا اور وہاں پارکنگ ٹھیکیدار مریضوں اور لواحقین سے اوورچارجنگ کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،انسپکشن ٹیم کی ہدایت پر ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یومِ دفاع کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں پاک فوج کے ہرافسر، جوان،شہداء اورغازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنی بہادر پاک فوج، پاک فضائیہ اور نیوی پر فخر ہے ، آپریشن ردالفساد میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کے نئے معیار قائم کئے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افسروں اور جوانوں کی سلامتی کے لئے دعا گو ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج کاپاکستان مضبوط اور دفاع ناقابل تسخیر ہے ، عوام مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے ہوں گے ،عدم استحکام پیدا کرنے والی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بناناہو گا۔دریں اثناء مریم نواز نے رحیم یار خان کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تعزیتی بیان میں سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...